سری نگر،8؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا الزام ہے کہ ملک کے باقی حصوں کے مقابلے میں جموں وکشمیر میں لاگو کئے جا رہے قوانین مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں قوانین کو بھی ’فرقہ وارانہ‘ رنگ دیا گیا ہے۔ موصوفہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں صحافی سجاد گل کی گرفتاری کے رد عمل میں کیا۔
انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ انڈیا کے باقی حصوں کے مقابلے میں جموں وکشمیر میں لاگو کئے جا رہے قوانین مختلف ہیں۔ مسلمانوں کی نسل کشی کی کھلے عام باتیں کرنے والے بنیاد پرست لوگ آزاد گھوم رہے ہیں جبکہ حقوق بشر کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالنے والے کشمیری صحافیوں کو جیل بھیج دیا جاتا ہے‘۔ ان کا ٹوئٹ میں مزید کہنا تھا کہ ’یہاں قوانین کو ’فرقہ وارانہ‘ رنگ دیا گیا ہے‘۔